سری لنکا کے وزیر کھیل روشن رانا سنگھے نے آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ میں کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی پر قومی کرکٹ بورڈ کو برطرف کر دیا ہے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پیر کو ایک بیان میں وزیر کھیل روشن رانا سنگھے نے ’سری لنکا کرکٹ‘ پر کڑی تنقید کرتے ہوئے اس پر بدعنوانی اور کرپشن کرنے کا الزام لگایا۔
انہوں نے بورڈ ممبران سے فوری مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا۔ اس کے بعد، سری لنکا کرکٹ کے سیکریٹری موہن ڈی سلوا، جو بورڈ میں دوسرے سب سے بڑے عہدے پر فائز تھے، نے ہفتے کے روز بورڈ کے ہیڈ کوارٹر کے باہر مداحوں کے احتجاج کے دوارن استعفیٰ دے دیا۔ 1996 کے ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کے کپتان ارجنا رانا ٹنگا کو بورڈ کا عبوری چیئرمین مقرر کر دیا گیا ہے۔
وزیر کھیل کی جانب سے نئی سات رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس میں سپریم کورٹ کے ایک ریٹائرڈ جج اور بورڈ کے سابق صدر بھی شامل ہیں۔ سری لنکن کرکٹ ٹیم کا ریکارڈ دو فتوحات اور پانچ شکستوں پر مشتمل ہے۔ سری لنکا کو مطلوبہ چوتھی پوزیشن پر جگہ حاصل کرنے کے لیے اپنے بقیہ دو میچ جیتنے ہوں گے۔