دھرنا ختم، حکومتی مذاکرات کامیاب، فرانسیسی سفیر کی قسمت کا فیصلہ پارلیمنٹ‌ میں‌ ہوگا

TLP GOVT MEETINGS

حکومتی وفد کے کالعدم ٹی ایل پی سے کئی گھنٹے مذاکرات،علما بھی کوششوں میں لگے رہے،صرف لاہورکا دھرنا جاری رہیگا.

حکومت سے مذاکرات کی کامیابی کے بعد کالعدم تحریک لبیک نے ملک بھر میں دھرنے ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ صرف لاہورکا مرکزی دھرنا جاری رہے گا۔ رات گئے مذاکرات کا تیسرا دور ہوا۔ جس میں حکومت کی جانب سے وزیر داخلہ شیخ رشید۔وزیر مذہبی امور نورالحق قادری۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور۔وزیر قانون راجہ بشارت۔پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ کالعدم ٹی ایل پی کی جانب سے شفیق امینی۔ظہیرالحسن شاہ اور مجلس شوریٰ کے دیگر ارکان بھی موجود تھے۔

حکومتی وفد ان علما سے بریفنگ لے کرآیا تھا جس نے کوٹ لکھپت جیل میں سربراہ ٹی ایل پی سعد رضوی سے ملاقات کی۔ذرائع کے مطابق مذاکرات کے دوران کالعدم تحریک لبیک نے شیخ رشید کے استعفےٰ۔سعد رضوی اور گرفتار کارکنوں کی رہائی۔مقدمات کے خاتمے اور فرانس کے سفیر کی ملک بدری کا مطالبہ کیا۔حکومتی وفد نے تمام مطالبات تسلیم کرلیے۔لیکن فرانس کے سفیر کی ملک بدری اور شیخ رشید کو وزیر داخلہ کے عہدے سے ہٹانے سے انکار کردیا۔شیخ رشید کا کہنا ہے کہ فرانسیسی سفیرکی ملک بدری سے متعلق قرارداد آج قومی اسمبلی میں پیش کی جائے گی۔

مذاکرات کے دوران دونوں جانب سے تلخی بھی پیدا ہوئی۔حکومتی وفد نے زیادہ تعداد میں کارکنوں کی شہادت کو تسلیم کرنے سے انکار کرتے وئے کہا کہ چند کارکن جاں بحق ہوئے لیکن سوشل میڈیا پر اور تقریروں میں تعداد کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا۔اگر ایسا ہے تو مرنے والوں کی لاشیں دکھائی جائیں۔کالعدم تحریک لبیک نے احتجاج کو مزید نہ بڑھانے کی یقین دہانی کراتے ہوئےملک بھر میں دھرنے ختم کرنے اور صرف لاہور میں دھرنا جاری رکھنے کا اعلان کردیا۔کالعدم تحریک لبیک کے رہنما شفیق امینی نے کارکنوں کے نام پیغام میں کہا کہ کارکنان ملک بھرمیں دھرنے ختم کرکے گھروں کو چلے جائیں۔

حکومتی مذاکرات سے قبل کالعدم ٹی ایل پی کے سربراہ سعد رضوی سے علما کے وفد نے کوٹ لکھپت جیل میں طویل ملاقات کی۔جس میں علما نے سعد رضوی سے دھرنا ختم کرانے اور ویڈیو پیغام جاری کرنے کی درخواست کی۔مذاکراتی ٹیم نے افطاری بھی سعد رضوی کے ساتھ جیل میں ہی کی اور سعد رضوی کو معاملات افہام و تفہیم کے ساتھ حل کرنے پر قائل کرنے کی کوشش کی۔

اس حوالے سے صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ جلد اس معاملے پر قوم کو خوشخبری سنائیں گے۔میڈیا اپنی طرف سے قیاس آرائیاں نہ کرے۔بریک تھرو ہوا ہے۔انشاء اللہ مثبت نتیجہ نکل آئے گا۔سعد رضوی نے ہمیں کہا ہے کہ وہ محب وطن ہیں اور انہیں کسی کالعدم طالبان کی ہمدردی نہیں چاہیے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *