جنوبی افریقا نے پہلے ٹی 20 میچ میں پاکستان کو 11 رنز سے شکست دے دی۔
ڈربن میں کھیلے گئے پہلے ٹی 20 میچ میں جنوبی افریقا کی جانب سے دیے گئے 184 رنز کے تعاقب میں پاکستان کی ٹیم 8 وکٹوں کے نقصان پر 172 رنز بناسکی۔ کپتان محمد رضوان کی 74 رنز کی اننگز رائیگاں گئی۔صائم ایوب 15 گیندوں پر 31 رنز بنا کر نمایاں رہے، بابر اعظم بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، عثمان خان 9 اور طیب طاہر 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔جنوبی افریقا کی جانب سے جارج نے چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ جنوبی افریقا نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کے لیے 184 رنز کا ہدف دیا تھا۔
ڈیوڈ ملر نے 40 گیندوں پر 82 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی ان کی اننگز میں 4 چوکے اور 8 بلند و بالا چھکے شامل تھے، ملر نے سفیان مقیم کو تین گیندوں پر تین چھکے بھی لگائے۔ جارج لِندے نے 24 گیندوں پر 48 رنز کی اننگز کھیلی اور تین چوکے اور چار چھکے لگائے۔ کپتان ہینرک کلاسن 12 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، وین ڈر ڈوسن بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، ریزا ہینڈرکس 8 رنز بنا کر ابرار احمد کا نشانہ بنے۔
پاکستان کی جانب سے سفیان مقیم سب سے مہنگے بولر ثابت ہوئے اور چار اوور میں 53 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کرسکے، شاہین آفریدی نے تین اور ابرار احمد نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل جنوبی افریقا نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت لیا اور پاکستان کو پہلے بولنگ کی دعوت دی تھی۔
جنوبی افریقی کپتان ہینرک کلاسن کا کہنا تھا کہ نئے کھلاڑیوں کے لیے بہترین موقع ہے، پاکستان کے پاس زبردست بولنگ اٹیک ہے، جیتنا آسان نہیں ہوگا۔
محمد رضوان نے کہا تھا کہ ٹاس جیتنے یا ہارنے سے اتنا فرق نہیں پڑتا، بابر اعظم نے جنوبی افریقہ میں ہمیشہ اچھا پرفارم کیا ہے، کوشش ہوگی جنوبی افریقہ کو کم سے کم اسکور تک محدود رکھیں۔
جنوبی افریقا نے پہلے ٹی 20 میں پاکستان کو ہرا دیا ۔ ایک سو چوراسی رن کے ہدف تک پہنچنے سے پہلے گرین شرٹس ہمت ہار گئے ۔ اوپنر بابر اعظم صفر ، صائم ایوب اکیتس ، عثمان خان نو رن بنا کر آؤٹ ہوئے ۔ طیب طاہر نے اٹھارہ رن بنائے۔ کپتان محمد رضوان ایک اینڈ پر ڈٹے رہے ، ففٹی اسکور کی لیکن ٹیم کو میچ نہ جتوا سکے ۔ چھٹے نمبر بیٹنگ کے آنے والے شاہین آفریدی بھی کچھ نہ کرسکے ۔ عرفان خان بھی صرف ایک رن بنا کر پولین لوٹ گئے ۔
پہلے کھیلتے ہوئے جنوبی افریقا نے ایک سو تراسی رن بنائے۔ ڈیوڈ ملر نے بیاسی رن کی شاندار اننگز کھیلی ۔ جارج لِنڈے نے اڑتالیس رن بنائے ۔ شاہین آفریدی اور ابرار احمد نے تین تین وکٹیں حاصل کیں ۔