پاکستان نے سری لنکا کو گال ٹیسٹ‌ میں‌ شکست دے دی

GAL TEST PAK WON AGAINST SIRI LANKA

پاکستان نے سری لنکا کو گال ٹیسٹ میچ میں 4 وکٹوں سے شکست دیکر آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئین شپ میں پہلی فتح حاصل کرلی۔

پانچواں روز

گال میں کھیلے جارہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے آخری روز پاکستان نے 127 رنز پر 6 وکٹوں کے نقصان پر بنالیے ہیں تاہم دوسری اننگز کا پانچویں روز آغاز ہوا تو کپتان بابراعظم جلد وکٹ گنوا بیٹھے اور پربھات جےسوریا کا شکار بنے جبکہ سعود شکیل کو رمیش مینڈس نے پویلین کی راہ دیکھائی۔
پاکستان کی جانب سے عبداللہ شفیق 8، شان مسعود 7، بابراعظم 24، سعود شکیل 30، سرفراز احمد ایک جبکہ نعمان علی صفر پر آؤٹ ہوئے، امام الحق 50 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔

سری لنکا کی جانب سے دوسری اننگز میں پربھارت جےسوریا نے 4 جبکہ رمیش مینڈس نے ایک وکٹ حاصل کی۔

چوتھا روز

ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے بیٹنگ شروع کی تو 16 رنز کے اسکور پر عبداللہ شفیق 8 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ شان مسعود 7 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے جبکہ نعمان علی صفر پر رن آؤٹ ہوگئے۔ اوپنر امام الحق اور کپتان بابراعظم کریز پر موجود ہیں، پربھات جےسوریا نے دو وکٹ لیں۔

پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز سری لنکا نے دوسری اننگز کا آغاز 14 رنز کی مجموعی اسکور سے کیا، تاہم کپتان ڈیموتھ کرونارتنے 20، کوشل مینڈس 18، اینجیلو میتھیوز 7، نیشان مدھشکا 52، دنیش چندیمل 28، سمارا وکرما 11 جبکہ رمیش مینڈس 42 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

سری لنکا کی جانب سے دھننجایا ڈی سلوا 82 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیل کر شاہین آفریدی کا شکار بنے۔ پراباتھ جے سوریا 10 رنز اور کاسون راجیتھا 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

پاکستان کی جانب سے نعمان علی اور ابرار احمد نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ آغا سلمان اور شاہین شاہ آفریدی نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

تیسرا روز

پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز پاکستان نے 221 رنز پانچ وکٹوں کے نقصان پر اننگز کا آغاز کیا۔ 278 کے مجموعی اسکور پر آغا سلمان 83 رنز بناکر پویلین لوٹے، انہوں نے سعود شکیل کے ساتھ ملکر 177 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی اور پاکستان کی پوزیشن مستحکم کی۔

دیگر کھلاڑیوں میں نعمان علی 25، شاہین شاہ آفریدی 9، نسیم شاہ 6 اور ابرار احمد 10 رنز بناسکے جبکہ سعود شکیل 208 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

سری لنکا کی جانب سے رمیش مینڈس نے 5، پربھات جےسوریا نے 3 جبکہ وشوا فرنینڈو اور کسون راجیتھا نے ایک وکٹ حاصل کی۔

دوسرا روز

دوسرے روز سری لنکن بالرز کے سامنے پاکستان کا ٹاپ آرڈر ریت کی دیوار ثابت ہوا اور صرف 101 کے مجموعی اسکور پر آدھی ٹیم آؤٹ ہوگئی، تاہم سعود شکیل اور آغا سلمان نے آکر بیٹنگ کو سنبھالا اور نصف سنچریاں اسکور کرکے گرین شرٹس کو کم بیک کروایا۔

دوسرے دن کھیل کا آغاز ہوا تو سری لنکا نے اسکور میں 70 رنز کا اضافہ کیا، سری لنکا کی ٹیم پہلی اننگز میں 312 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، دھننجایا ڈی سلوا نے شاندار اننگز کھیلی۔ انہوں نے 12 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 122 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے ایک سال بعد ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کرنے والے شاہین شاہ آفریدی کے علاوہ نسیم شاہ اور ابرار احمد نے 3،3 جبکہ آغا سلمان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

سری لنکا کے خلاف پاکستان نے اننگز کا مایوس کن آغاز کیا، امام الحق ایک، عبداللہ شفیق 19، کپتان بابراعظم 13 اور سرفراز احمد صرف 17 رنز ہی بنا پائے۔ صرف شان مسعود قدرے بہتر اسکور 39 رنز کرنے میں کامیاب رہے۔

بعدازاں سعود شکیل اور آغا سلمان نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ دونوں کھلاڑی 69 اور 61 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

پہلا روز

سری لنکا نے پاکستان کے خلاف گال ٹیسٹ میچ میں کھانے کے وقفے تک 5 وکٹوں کے نقصان پر 226 رنز بنالیے۔

پہلے ٹیسٹ میں سری لنکن کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، تاہم اوپنر نیشان مدھشکا 6 کے مجموعی اسکور پر 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، کپتان ڈیموتھ کرونارتنے 29، کوشل مینڈس 12 جبکہ دنیش چندیمل ایک رن بناکر پویلین لوٹ گئے۔

سابق کپتان اینجیلو میتھیوز اور دھننجایا ڈی سلوا نے 131 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی اور ٹیم کو مشکلات سے نکالا تاہم میتھیوز 64 رنز بناکر ابرار احمد کا شکار بنے ۔

سری لنکا نے مجموعی طور پر پہلے روز 5 وکٹوں کے نقصان پر 242 رنز بنائے جبکہ بارش کے باعث کھیل بھی روکا گیا۔

دو میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کا دوسرا میچ 24 جولائی سے کولمبو میں شروع ہوگا۔

گال میں کھیلا جانے والا یہ ٹیسٹ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ25 ۔2023 میں پاکستانی ٹیم کا پہلا ٹیسٹ ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *