پاکستان نے زمبابوے کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں ایک اننگز اور ایک سو سینتالیس رنز سے شکست دے دی۔ دوسرا میچ جیت کر پاکستان نے میزبان ٹیم کو وائٹ واش کر دیا۔ زمبابوے کی ٹیم فالو آن ہونے کے بعد اپنی دوسری اننگز میں دو سو اکتیس رنز بنا کر آوٹ ہو گئی۔
دوسری اننگز میں پاکستان کے شاہین آفریدی اور نعمان علی نے پانچ پانچ کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔ پاکستان نے پہلی اننگز میں عابد علی کی ڈبل سنچری اور اظہر علی کی سنچری کی بدولت پانچ سو دس رنز بنائے اور آٹھ وکٹوں پر اننگز ڈیکلیئر کر دی۔ نعمان علی نے بیٹنگ میں بھی کمال دکھایا. پہلی اننگز میں ایک سو چار گیندوں پر ستانوے رنز بنائے، پانچ چھکے اور نو چوکے لگائے۔
اوپنر عابد علی نے زمبابوے کے خلاف ٹیسٹ کیرئیر کی پہلی ڈبل سنچری بنا لی ۔ ہرارے میں عابد علی نے چوکا لگا کر ڈبل سنچری مکمل کی ۔ وہ دو سو پندرہ رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ۔
لیفٹ آرم اسپنر نعمان علی نے زمبابوے کےبلےبازوں کو اسپن کے جال میں پھنسا لیا ۔ انہوں نے دوسری اننگز میں پانچ وکٹیں حاصل کیں۔
زمبابوین بلے باز اسپن کے جال سے نکلے تو فاسٹ بالر کے یارکرز نے آن لیا ۔ شاہین آفریدی نے دوسری اننگز میں 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
زمبابوے کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں ایک سو بتیس رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ زمبابوے کی پہلی اننگز میں حسن علی نے پانچ شکار کئے۔ عابد علی کو میچ اور حسن علی کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔