پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدواران نے خیبرپختونخوا اور پنجاب کی صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق کامیابی حاصل کرلی ہے۔
صوبہ کے پی کے حلقہ پی کے 63 کے غیر حتمی اور غیرسرکاری نتائج کے تحت ن لیگ کے امیدوار اختیار ولی نے مخالف امیدوار پر فتح حاصل کرلی ہے۔
پی کے 63 نوشہرہ کے 102 میں سے 101 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجے کے مطابق ن لیگ کے اختیار ولی 21 ہزار 112 ووٹ لے کامیاب ہوئے ہیں۔
غیر سرکاری نتیجے کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار میاں عمر کاکا خیل 17 ہزار 23 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر آئے ہیں۔
ن لیگی امیدوار کے امیدوار کی اس نشست پر کامیابی سیاسی مبصرین کے مطابق صوبے و مرکز کی حکمراں جماعت پی ٹی آئی کے لیے بڑا اپ سیٹ ہے کیونکہ نوشہرہ کو اس کا گڑھ سمجھا جاتا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی امیدواربیگم طلعت شوکت نے بھی غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق کامیابی حاصل کرلی ہے۔ انہوں نے وزیرآباد پی پی 51 کی نشست پر ہونے والے ضمنی انتخاب میں کامیابی حاصل کی ہے۔
پی پی اکیاون کے 161 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی وغیر سرکاری نتیجے کے مطابق بیگم طلعت شوکت 53903 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائی ہیں۔
اسی نشست پر پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار چودھری محمد یوسف 48484 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے ہیں۔ غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق ن لیگ کی طلعت شوکت کو 5419 ووٹوں کی برتری سے کامیابی ملی ہے۔