تحریک انصاف میں کون سی وزارت کس کے پاس رہی؟؟ اور وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی تحریک کامیاب ہونے کے بعد نئی حکومت بنی تو وزیراعظم شہبازشریف کی کابینہ میں کس نے کون سی وزارت سنبھالی؟؟ جانتے ہیں اس رپورٹ میں
وزیراعظم شہبازشریف کی نئی کابینہ کا فیصلہ ہوگیا۔ نئے وزرا کو قلمدان بھی سونپ دیے گئے۔ وزیراعظم عمران خان کی کابینہ میں شیخ رشید وزیرداخلہ رہے اب وزیراعظم شہبازشریف کی کابینہ میں یہ عہدہ رانا ثناءاللہ کو ملا ہے۔ تحریک انصاف حکومت کے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری تھے۔ متحدہ اتحاد کی حکومت میں یہ عہدہ مریم اورنگزیب کے پاس رہے گا۔
تحریک انصاف کے دور حکومت میں خزانہ کی کنجی پر کئی چہرے بدلے، اسد عمر، شوکت ترین سابق حکومت کے وزیرخزانہ رہے۔ نئی حکومت نے یہ ذمہ داری مفتاح اسماعیل کے حوالے کی ہے۔ گذشتہ دور حکومت میں خارجہ کا محاذ شاہ محمود قریشی نے سنبھال رکھا تھا۔ نئے سیٹ اپ میں حنا ربانی کھر کو وزیرمملکت خارجہ بنایا گیا ہے۔ احسن اقبال کو وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی تعینات کیا گیا ہے، گذشتہ دور حکومت میں یہ عہدہ اسد عمر کے پاس تھا۔
مواصلات کا محمکہ تحریک انصاف کے دورحکومت میں مراد سعید کے پاس تھا۔ جبکہ وزیراعظم شہبازشریف کی کابینہ میں یہ عہدہ جے یو آئی ف کے اسد محمود کے حصے میں آیا ہے۔ ایم کیو ایم کے فروغ نسیم کے پاس گذشتہ حکومت میں وزارت قانون و انصاف تھی موجودہ حکومت میں یہ عہدہ ن لیگ کے اعظم نذیر تارڑ کے پاس ہے۔ وزیرپارلیمانی امور کا عہدہ علی محد خان کے پاس تحریک انصاف کے دور حکومت میں رہا وزیراعظم شہبازشریف کی حکومت میں یہ عہدہ مرتضی جاوید عباسی سنبھالیں گے-
وفاقی کابینہ نے حلف اٹھا لیا، قائم مقام صدر صادق سنجرانی نے نئی کابینہ سے حلف لیا
تحریک انصاف کے دور حکومت میں مذہبی امور کی وزارت کا قلمدان نورالحق قادری کے پاس تھا۔ جبکہ موجودہ اتحادی حکومت میں یہ عہدہ جے یو آئی ف کے مفتی عبدالشکور سنبھالیں گے۔ ہاؤسنگ کی وزارت تحریک انصاف کے دور حکومت میں ق لیگ کے طارق بشیر چیمہ کے پاس رہی۔ وزیراعظم شہبازشریف کی کابینہ میں یہ ذمہ داری جے یو آئی ف کے مولانا عبدالواسع کے حصے میں آئی ہے۔
تحریک انصاف کی کابینہ میں سیفران کی وزارت صاحبزادہ محمد محبوب سلطان سنبھال رہے تھے۔ جبکہ موجودہ کابینہ میں جے یو آئی ف کے سینیٹر طلحہ محمود بطور وفاقی وزیر سیفران ذمہ داریاں ادا کریں گے۔ تحریک انصاف کے دور حکومت میں انسداد منشیات کی وزارت مملکت شہریار آفریدی دیکھتے تھے۔ اب نئی حکومت میں شاہ زین بگٹی وفاقی وزیر انسداد منشیات بنادیے گئے ہیں۔
سید امین الحق تحریک انصاف کی حکومت میں انفارمیشن ٹیکنالوجی سنبھال رہے تھے نئے سیٹ اپ میں بھی یہ عہدہ ان کے پاس رہے گا۔ تحریک انصاف کے دور حکومت میں موسمیات کی وزارت زرتاج گُل کے پاس تھی وزیراعظم شہبازشریف کی کابینہ میں یہ عہدہ شیری رحمان کے سپرد کیا گیا ہے۔ تحریک انصاف کے دور حکومت میں صحت کا محکمہ معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل کے پاس تھا۔ جبکہ نئے اتحادی سیٹ اپ میں عبدالقادر پٹیل صحت کی وزارت کو بطور وفاقی وزیر دیکھیں گے۔