خلیل الرحمان قمر ہنی ٹریپ کیس، گواہان کے بیان ریکارڈ

KHALEEL UR REHMAN QAMAR

معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر کے ہنی ٹریپ اور اغوا برائے تاوان کیس میں انسداد دہشت گردی عدالت میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، عدالت میں گواہوں نے ملزمان آمنہ عروج اور حسن شاہ سمیت دیگر کے خلاف بیانات ریکارڈ کروا دیے۔

تفصیلات کے مطابق کیس کی سماعت انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے کی، جس میں آمنہ عروج، حسن شاہ سمیت دس ملزمان کو جیل سے عدالت میں پیش کیا گیا جبکہ ایک ملزم یاسر عدالت میں خود پیش ہوا۔

سماعت کے دوران فریقین کے وکلاء نے مقدمے پر حتمی بحث میں حصہ لیا۔ سرکاری وکیل ڈپٹی پراسیکیوٹر عبدالجبار ڈوگر نے دلائل دیتے ہوئے عدالت سے ملزمان کو سزا دینے کی استدعا کی۔

تفتیشی افسر نے بھی عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ آمنہ عروج اور حسن شاہ سمیت دیگر ملزمان جرم میں ملوث ہیں۔ عدالت کو بتایا گیا کہ لاہور ہائیکورٹ نے اس مقدمے کا جلد فیصلہ کرنے کا حکم دے رکھا ہے۔

گواہوں نے اپنے بیانات میں مؤقف اختیار کیا کہ آمنہ عروج نے خلیل الرحمان قمر کو چالاکی سے اپنے فلیٹ پر بلایا، جہاں اس کے ساتھی حسن شاہ اور دیگر نے مل کر انہیں اغوا کیا اور ایک کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا۔

عدالت نے کیس کی مزید سماعت کل تک ملتوی کرتے ہوئے ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر ملزمان کے وکلاء اپنے حتمی دلائل پیش کریں گے، جس کے بعد عدالت مقدمے کا فیصلہ سنائے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *