خیبرسے کراچی تک ملک بھر میں جشن آزادی ملی جوش وجذبے سے منایا جارہا ہے،سرکاری اور نجی عمارتوں کے ساتھ ساتھ گلیوں، بازاروں اورعوامی مقامات پر سبز ہلالی پرچموں کی بہار ہے۔ اسلام آباد میں اکتیس اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس اکیس توپوں کی سلامی دی گئی۔مساجد میں پاکستان کی بقاء و سلامتی کیلئے دعائیں کرائی گئیں
کراچی میں مزار قائد اور لاہور میں مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقارتقاریب ہوئیں۔ اسلام آباد کے کنونشن سنٹر میں جشن آزادی کی مرکزی تقریب میں وزیراعظم شہبازشریف، وفاقی وزرا اور قومی ہیرو ارشد ندیم نے شرکت کی۔
اسلام آباد میں شکرپڑیاں کے مقام پر قومی یادگار پر وزیراعظم نے پرچم کشائی کی۔
پنجاب، سندھ ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں بھی خصوصی تقاریب جاری ہیں۔ رات بارہ بجتے ہی آتشبازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔ منچلے سڑکوں پر نکل آئے۔ قومی پرچم لہرائے گئے۔ اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے گئے۔