ایرانی صدر ابراہیم رئیسی ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق

IRANI PRESIDENT INRAHIM RAISI IN PAKISTAN

ایرانی صدر ابراہیم رئیسی ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہو گئے۔ ایرانی وزیر خارجہ، گورنرصوبہ مشرقی آذربائیجان بھی حادثے میں چل بسے ۔ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی ڈیم کے افتتاح کے بعد واپس تبریز جا رہے تھے، ڈیم کی افتتاحی تقریب میں آذربائیجانی صدر نے بھی شرکت کی تھی۔

گزشتہ روز ایرانی صدر صوبہ مشرقی آذر بائیجان میں ڈیم کے افتتاح سے تہران آ رہے تھے جب شام ساڑھے پانچ بجے کے قریب ان کا ہیلی کاپٹر لاپتہ ہونے کی اطلاعات آئیں۔

ہیلی کاپٹر میں وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان، صوبہ مشرقی آذر بائیجان کے گورنر اور تبریز کے امام سمیت 9 افراد سوار تھے۔

پرواز کے آدھے گھنٹے بعد صدارتی ہیلی کاپٹر کا دیگر 2 ہیلی کاپٹروں سے رابطہ منقطع ہوا۔

کچھ دیر بعد ایرانی صدر کے وفد میں شامل دو افراد نے ریسکیو ٹیم سے رابطہ کیا جس کے بعد ہیلی کاپٹر کی تلاش کے لئے کئی سرچ آپریشنز کا آغاز کیا گیا۔

پاسداران انقلاب سمیت ترکیے اور روس کے ریسکیو ماہرین نے سرچ آپریشن میں حصہ لیا۔

ترک ڈرون نے ہیلی کاپٹر کا ملبہ ڈھونڈا۔

حادثہ ضلع اُوزی اور پیر داؤد قصبے کے درمیان دیزمر جنگل میں پیش آیا۔

تاہم شدید دھند اور انتہائی خراب موسم کے باعث ریسکیو اہلکاروں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔

چند گھنٹے بعد ایرانی ہلال احمر کے سربراہ نے اعلان کیا کہ ہیلی کاپٹر کا ملبہ مل گیا ہے تاہم صورت حال اچھی نہیں ہے۔

ایرانی عہدیداروں نے ہیلی کاپٹر کے مکمل تباہ ہونے اور مسافروں کی اموات کا خدشہ بھی ظاہر کیا۔

رات بھر جاری سرچ آپریشن کے بعد صبح ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور ہیلی کاپٹر میں سوار تمام افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کر دی گئی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *