آئی ایم ایف کی پاکستان کیلئے ایک ارب دس کروڑ ڈالر کی آخری قسط کی منظوری

PAK IMF TALKS

پاکستان کی معیشت کیلئے اچھی خبر، آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان کیلئے ایک ارب دس کروڑ ڈالر کی آخری قسط کی منظوری دے دی۔ ذرائع کے مطابق، ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری سے رقم جلد پاکستان کوجاری کر دی جائے گی، پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان نو ماہ کا اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ معاہدہ مکمل ہوگیا

آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان کیلئے ایک ارب دس کروڑ ڈالر کی آخری قسط کی منظوری دے دی۔ آئی ایم ایف نے اعلامیہ میں کہا کہ پاکستان نے قرض پروگرام کے اہداف کے حصول میں سنجیدہ کوششیں کیں۔ اب پاکستان کو حکومتی ملکیتی اداروں کی اصلاحات آگے بڑھانے سمیت پالیسی فریم ورک کے تحت چلانا ہے۔

اعلامیے میں آئی ایم ایف نے کہا ، پاکستان میں مہنگائی کی شرح کم ہونا شروع ہوگئی ہے اور قرض پروگرام کے بعد پاکستان کی معاشی ترقی کی شرح دو فیصد تک پہنچ رہی ہے، توقع ہے کہ مہنگائی کے بڑھنے کی شرح جون میں کم ہو کر بیس فیصد ہو جائے گی۔

آئی ایم ایف نے کہا ،پاکستان کے خالص زرمبادلہ ذخائر ساڑھے چارارب ڈالر سے بڑھ کر آٹھ ارب ڈالر ہوگئے ہیں، پاکستان نے وصولی میں اضافے کے ذریعے گردشی قرضوں میں اضافے کو کم کیا ہے۔

آئی ایم ایف کا کہنا تھا کہ گزشتہ مالی سال پاکستان میں بے روزگاری کی شرح آٹھ اعشاریہ پانچ فیصد تھی، رواں سال بے روزگاری کی شرح آٹھ فیصد رہنے کی توقع ہے، گزشتہ مالی سال محصولات اور گرانٹس جی ڈی پی کے گیارہ اعشاریہ چار فیصد تھیں جبکہ رواں سال محصولات اور گرانٹس جی ڈی پی کا بارہ اعشاریہ پانچ فیصد رہ سکتی ہیں۔

آئی ایم ایف کے مطابق گزشتہ مالی سال بجٹ خسارہ جی ڈی پی کے سات اعشاریہ آٹھ فیصد تھا، رواں مالی سال بجٹ خسارہ جی ڈی پی کے سات اعشاریہ پانچ فیصد رہنے کا امکان ہے، گزشتہ برس پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ جی ڈی پی کے صفر اعشاریہ سات فیصد تھا جبکہ رواں مالی سال کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ جی ڈی پی کے صفر اعشاریہ آٹھ فیصد تک رہ سکتا ہے۔

اپنے اعلامیے میں آئی ایم ایف نےکہا کہ بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے نادار طبقے کے تحفظ کیلئے اقدامات کرنا اور انسداد بدعنوانی کے اداروں کو مضبوط بنانا ہوگا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *