یونان کشتی حادثے میں جاں بحق 27 پاکستانیوں کی شناخت ہوگئی، 50 سے زائد لاپتہ

GREECE BOAT ACCIDENT

یونان کے ساحل پر کشتی ڈوب گئی جس کے نتیجے میں پچاس سے زائد پاکستانی لاپتہ جبکہ 27 مرنے والوں سمیت 12 زندہ بچ جانے والوں کی شناخت ہوگئی-

اسپیکر قومی اسمبلی نے وزارت داخلہ سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی جبکہ ایف آئی اے نے ایکشن لیتے ہوئے مرکزی ملزم سمیت انسانی اسمگلنگ میں 11 ایجنٹس کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ فی الوقت ہم جاں بحق ہونے والوں میں پاکستانی شہریوں کی تعداد اور شناخت کی تصدیق کرنے سے قاصر ہیں۔ یونان میں پاکستانی مشن سفیر عامر آفتاب کی سربراہی میں مقامی حکام سے رابطے میں ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ جاں بحق ہونے والے پاکستانی شہریوں کی شناخت، لواحقین کو امداد فراہم کرنے کے لیے مقامی حکام سے رابطہ ہے. ہمارا مشن 78 برآمد شدہ لاشوں کی شناخت کے عمل میں یونانی حکام کے ساتھ بھی رابطے میں ہے. شناخت کا یہ عمل قریبی خاندان کے افراد (صرف والدین اور بچوں) کے ساتھ ڈی این اے میچنگ کے ذریعے انجام پائے گا.

یہ بھی پڑھیں: ترکیہ اور شام میں تباہ کن زلزلے سے 4000 سے زائد افراد جاں بحق اور ہزاروں زخمی ہوگئے

انہوں نے کہا کہ بدقسمت کشتی پر سوار ممکنہ مسافروں کے اہل خانہ سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ تصدیق کے مقاصد کے لیے یونان میں ہمارے مشن سے 24/7 ہیلپ لائن نمبرز پر رابطہ کریں. اہل خانہ تصدیق شدہ لیبارٹریوں سے ڈی این اے رپورٹس اور مسافر کی شناختی دستاویزات info@pakistanembassy.gr پر شیئر کریں۔

حادثے میں مرنے والوں کے نام

ڈپٹی کمشنر کوٹلی آزاد کشمیر کی جانب سے حادثے میں جاں بحق ہونے والے بدقسمت نوجوانوں کے نام جاری کردیے گئے ہیں، جس کے مطابق مرنے والوں میں محمد سنیال ولد محبوب،عبدالروٴف ولد محمد حسین،محمد شہباز،رضوان الحق،شاہد سرور، محمد رئیس،ارشد،خادم حسین،حمید،محمد نوید،ناصر اقبال،آزاد،نبیل،آکاش،انعام،یاسر حسین عمران، عبدالسلام، ساجد اسلم، عبد الجبار، توقیر، اویس، ساجد یوسف، سمیر، شمریز گلریز، یاسر اور علی رضا بھی شامل ہیں۔

حادثے میں بچ جانے والے پاکستانیوں کے نام

جن 12 پاکستانیوں کو بچالیا گیا ان میں ضلع کوٹلی کے محمد عدنان بشیر ولد محمد بشیر، حسیب الرحمان ولد حبیب الرحمان، محمد حمزہ ولد عبدالغفور، گوجرانوالہ کے عظمت خان ولد محمد صالح، عرفان احمد ولد شفیع (ہسپتال میں داخل)عمران آرائیں ولد مقبول (ہسپتال میں داخل) گجرات کے محمد سنی ولد فاروق احمد اور ذیشان سرور ولد غلام سرور، شیخوپورہ کے زاہد اکبر ولد اکبر علی اور مہتاب علی ولد محمد اشرف ، منڈی بہاؤالدین کے رانا حسنین ولد رانا نصیر احمد، سیالکوٹ کے عثمان صدیق ولد محمد صدیق شامل ہیں۔

آزاد کشمیر کوٹلی میں کشتی ڈوبنے اور ہلاکت کی خبروں کی اطلاع ملنے پر فضا سوگوار ہے اور لواحقین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ انسانی اسمگلروں کے لیے سخت اقدامات کرے۔

آزاد کشمیر کابینہ نے یونان کشتی حادثہ پر یوم سوگ منانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت آزاد کشمیر بھر میں 18 جون کو پرچم سر نگوں رہے گا۔ وزیر آزاکشمیر نے چیف سیکریٹری کو وزارتِ خارجہ سے رابطہ کرنے اور جاں بحق افراد کی لاشیں واپس لانے کیلیے اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ اس حادثے میں 500 افراد لاپتہ ہیں جبکہ یونان کی حکومت نے کشتی حادثے پر تین روزہ ملک گیر سوگ کا اعلان کیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *