سیلابی ریلوں نے بلوچستان، پنجاب، سندھ اور خیبر پختون خوا میں تباہی مچا دی

FLOOD 3

سیلابی ریلوں نے بلوچستان، پنجاب، سندھ اور خیبر پختون خوا میں تباہی مچا دی- بلوچستان میں سیلابی ریلے ایک سو چوبیس جانیں لے گئے۔ خیبر پختون خوا میں ایک روز میں دس افراد دم توڑ گئے۔ ملک بھر میں سیکڑوں دیہات ڈوب گئے، بستیاں اجڑ گئیں، لاکھوں افراد بے یار و مددگار ہو گئے۔ ہزاروں جانور سیلابی ریلوں میں بہہ گئے۔ لاکھوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں بھی زیر آب آ گئیں، بلوچستان میں خضدار، نصیر آباد، لسبیلہ میں ہر طرف تباہی کے مناظر ہیں، سندھ میں ٹھٹھہ، خیرپور سمیت دیگر علاقوں میں سیلابی پانی سب بہا لے گیا، پنجاب میں ڈیرہ غازی خان، راجن پور میں سیلاب سے تباہی، ڈی آئی خان، مردان میں بھی سیلاب نے نظام زندگی مفلوج کردیا۔

دریائے چناب میں طغیانی پنجاب کے کئی علاقوں میں سیلاب کا باعث بن گئی۔ جھنگ کے مقام پر دریائے چناب میں پانی کی سطح میں میں کمی نہ آسکی- ستر سے زائد دیہات زیر آب آگئے- شہر سے زمینی رابطہ بھی منقطع ہو گیا- سرگودھا کے کئی علاقے بھی متاثر ہوئے ہیں- سیلاب متاثرین شدید مشکلات کا شکار ہیں،، سیلابی پانی سے فصلیں زیر آب آ گئیں۔ کئی علاقوں میں ابھی تک تین سے چار فٹ تک پانی کھڑا ہے۔

بلوچستان میں سیلاب نے شہریوں‌کی زندگی اجیرن کردی- صوبے میں سیلاب سے ایک سو چوبیس افراد جاں بحق ، بارہ ہزار تین سو بیس مکانات تباہ ہوئے ۔ خضدار، نصیر آباد ، لسبیلہ میں ہر طرف تباہی کے مناظر ہیں ۔ ایم ایٹ موٹروے بھلوک کے مقام پر سیلابی ریلے کی نذر ہو گئی ، خضدار کا سندھ سے زمینی رابطہ منقطع ، لسبیلہ میں کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ چھٹے روز بعد بھی ٹریفک کیلئے بحال نہ ہو سکی

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *