8 فروری کو انتخابات کیلئے تیار ہیں ، تمام ضروری تیاری کرلی ہے، چیف الیکشن کمشنر

Anwar ul Haq Kakar PM met Chief Election commissioner Sikandar Sultan Raja

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے ملاقات ہوئی جس میں انتخابات کی تیاریوں سے متعلق آگاہ کیا گیا۔

الیکشن کمیشن کے اعلامیے کے مطابق ملاقات میں چیف الیکشن کمشنر نے نگران وزیر اعظم کو انتخابات کی تیاریوں سے متعلق بریفنگ دی۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے وزیر اعظم کو بتایا کہ الیکشن کمیشن نے 8 فروری 2024 کے عام انتخابات کیلئے تمام ضروری تیاری کرلی ہے، پولنگ اسٹیشنز، پولنگ اسٹاف کی فہرستیں بھی تیار کرلی گئی ہیں۔

چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ الیکشن مٹیریل کی پرنٹنگ کا کام بھی آخری مراحل میں ہے جبکہ انتخابی فہرستیں اپ ڈیٹ کرنے کا کام بھی تکمیل کے مراحل میں ہے۔

سکندر سلطان راجہ نے وزیر اعظم کو بتایا کہ جلد ہی تمام اضلاع میں انتخابی فہرستیں پہنچا دی جائیں گی، الیکشن کمیشن بروقت انتخابات کے انعقاد، انتخابی شیڈول جاری کرنے کا پابند ہے، الیکشن کمیشن آئینی ذمہ داریوں کو خوش اسلوبی سے انجام دے گا۔

دوسری جانب نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو انتخابات کے لیے درکار فنڈز اور مطلوبہ سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے گا ، الیکشن کمیشن سے بھرپور تعاون کریں گے ۔

اس کے علاوہ چیف الیکشن کمشنر نے وزیراعظم کو عام انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے الیکشن کمیشن کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *