ترک ڈرامے ’ارطغرل غازی‘ میں مرکزی کردار ادا کرنے والے ترکیہ کے اداکار انجین التان دوزیتان نے اپنی عالمی شہرت کا کریڈٹ پاکستان اور پاکستانیوں کو دے دیا۔
انجین التان دوزیتان نے سعودی عرب میں منعقدہ ’ریڈ سی‘ فلم فیسٹیول کے ایک ایونٹ میں بات کرتے ہوئے پاکستان میں اپنے ڈرامے کی مقبولیت پر گفتگو کی۔
ایونٹ کے دوران بات کرتے ہوئے ترک اداکار انجین التان دوزیتان نے کہا کہ ان کے ڈرامے کو پوری دنیا میں مقبولیت ملی۔ ڈراما پہلےہی اپنے ملک میں مقبول ہوچکا تھا لیکن پاکستان میں نشر ہونے کے بعد الگ ہی معاملہ ہوا۔
انجین التان دوزیتان کا کہنا تھا کہ پوری دنیا میں فلموں اور ڈراموں کے شائقین تقریبا ایک جیسے ہی ہوتے ہیں لیکن ’ارطغرل غازی‘ کے پاکستان میں نشر ہونے کے بعد انہیں دوسری طرح کی پذیرائی ملی۔ان کے مطابق انہیں پاکستان میں ’ارطغرل غازی‘ کی وجہ سے شہرت ملی، ساتھ ہی دنیا بھر میں ان کی مقبولیت میں اضافہ ہوا، وہ سمجھتے ہیں کہ ان کی مقبولیت میں پاکستان کا اہم کردار ہے۔
ترکش ڈرامہ اتغرل کے ہیروز کا دورہ لاہور، اداکار پاکستان کے رنگ میں رنگ گئے
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ارطغرل غازی کی شوٹنگ کے دوران ان پر کردار کا اثر ہوچکا تھا اور انہیں کردار کے اثر سے نکلنے میں کافی وقت لگا۔ انجین التان دوزیتان نے ایک اور سوال کے جواب میں بتایا کہ ان کی خواہش رہی ہے کہ وہ کسی ڈرامے یا فلم میں جدید ترکی کے بانی کمال اتا ترک کا کردار ادا کریں۔
دنیا پور: پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کا نیا سنگ میل
سعودی عرب فلم فیسٹیول میں شرکت کی دعوت پر حیرانگی ہوئی یا نہیں؟ اس متعلق پوچھے گئے سوال پر انجین التان دوزیتان کا کہنا تھا کہ انہیں فلم میں شرکت کی دعوت موصول ہونے پر خوشی ہونے سمیت خوشگوار حیرت بھی ہوئی۔