چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ہائیکورٹ ججز خط کا نوٹس لے لیا

SUPREME COURT OF PAKISTAN

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ہائیکورٹ ججز خط کا نوٹس لے لیا۔ چیف جسٹس نے معاملہ پر سات رکنی لارجر بینچ بھی تشکیل دے دیا۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سات رکنی بینچ کے سربراہ ہوں گے۔ جسٹس منصور علی شاہ یحییٰ خان آفریدی جمال خان مندوخیل بینچ میں شامل ہیں۔

ججز خط کے معاملے پر سات رکنی بینچ میں جسٹس اطہر من اللہ ،جسٹس مسرت ہلالی جسٹس نعیم اختر افغان بھی شامل ہیں۔

سات رکنی لارجر بینچ بدھ کو ساڑھے گیارہ بجے ازخود نوٹس کی سماعت کرے گا۔ اس سے پہلے اسلام آباد ہائی کورٹ کے چھ ججوں کی جانب سے عدالتی معاملات میں خفیہ اداروں کی مداخلت کے الزامات پر حکومت نے کمیشن بنانے کا اعلان کیا تھا-

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چھ ججز نے سپریم جوڈیشل کونسل کو ارسال کردہ ایک خط میں مطالبہ کیا تھا کہ خفیہ اداروں کی جانب سے ججز پر اثر انداز ہونے اور مبینہ مداخلت کے معاملے پر جوڈیشل کنونشن بلایا جائے۔

خط لکھنے والے ججز میں جسٹس محسن اختر کیانی، جسٹس بابر ستار، جسٹس طارق جہانگیری، جسٹس سردار اعجاز اسحٰق، جسٹس ارباب محمد طاہر اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز شامل ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *