پی ایس ایل 8 کا میلہ سجنے کا وقت قریب آ گیا۔ کل ملتان اسٹیڈیم میں‌ کل رنگا رنگ تقریب ہوگی

PSL 8 main

پی ایس ایل 8 کا میلہ سجنے کا وقت قریب آ گیا۔ کل ملتان اسٹیڈیم میں‌ کل رنگا رنگ تقریب ہوگی-

پی ایس ایل 8کا پیر سے ملتان میں آغاز ہوگا، ایک طرف رنگارنگ افتتاحی تقریب کی تیاریوں کا سلسلہ جاری ہے تو دوسری جانب میزبان شہر سمیت ملک بھر میں کرکٹ کا بخار عروج پر پہنچ گیا جب کہ دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز میں میچ کے تمام ٹکٹ فروخت ہوچکے۔

ملتان اسٹیڈیم میں تزئین و آرائش کا کام مکمل کرلیا گیا،اسٹینڈز کی صفائی ستھرائی ہوچکی،پچز بھی تیار ہیں،روایتی طور پر پچ اسپن کیلیے سازگار رہنے کا امکان ہے، سیکیورٹی انتظامات کا پلان بھی تیار ہو چکا، قانون نافذ کرنے اداروں کے تقریبا 8ہزار اہلکار مختلف مقامات پر خدمات سرانجام دیں گے۔
دوسری جانب ایونٹ کیلیے ٹیموں کی تیاریوں کا سلسلہ بھی جاری ہے، لاہور قلندرز کا اسکواڈ جمعے کی شب ہی ملتان پہنچ گیا تھا۔

گزشتہ روز فخرزمان، عبداللہ شفیق اور حارث رؤف نے بھی ساتھیوں کو جوائن کرلیا، شام کو خوشگوار موسم میں قلندرز نے ملتان اسٹیڈیم کا رخ کرتے ہوئے بھرپور مشقوں کا سلسلہ جاری رکھا، فخرزمان نے نیٹ میں خوب چھکے چھڑائے، شاہین شاہ آفریدی بھرپور قوت سے برق رفتار گیندیں کرتے رہے، حارث رؤف نے بھی یارکرز کی خصوصی مشق پر توجہ دی۔

ملتان سلطانز بھرپور پریکٹس سے خود کو کنڈیشنز سے ہم آہنگ کرنے کیلیے کوشاں رہے، اوپنرز محمد رضوان اور شان مسعود نے نئی گیند کا سامنا کرتے ہوئے خود کو چیلنج کیلیے تیار کیا،خوشدل شاہ نے بھی دل کھول کر اسٹروکس کھیلے،دیگر بیٹرز نے بھی ٹریننگ کے موقع کا بھرپور فائدہ اٹھایا، شاہنواز دھانی پیس اور اسامہ میر اسپن بولنگ سے بیٹرز کیلیے مشکلات پیدا کرتے رہے۔

کراچی کنگز کا ہوم گرائونڈ پر وارم اپ میچ منسوخ ہونے کے بعد کھلاڑیوں نے بھرپور ٹریننگ سے لہو گرمایا،بیٹرز شرجیل خان اور شعیب ملک اچھی فارم میں نظر آئے،محمد عامر بھی اچھے ردھم کے ساتھ بولنگ کرتے رہے،کپتان عماد وسیم نے بیٹنگ کے بعد اسپن بولنگ میں بھی صلاحیتوں کو نکھارا،دیگر کھلاڑی بھی چیلنج کیلیے تیار ہوتے نظر آئے، اہم پلیئرز اینڈریو ٹائی اور بیٹنگ کوچ روی بوپارہ نے بھی اسکواڈ کو جوائن کرلیا۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے کھلاڑی بھی پریکٹس کرتے رہے۔

ملتان اسٹیڈیم میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے لاہور قلندرکے کوچ عاقب جاوید نے کہا کہ بولنگ ہماری قوت ہے، متوازن اسکواڈ کے ساتھ فتح کا عزم لیے میدان میں اتریں گے، ہماری ٹیم 2020 میں مکمل ہوچکی تھی، شاہین آفریدی، حارث رئوف، ڈیوڈ ویزا، راشد خان اورفخر زمان سب 5سال سے ساتھ اور پلان سمجھتے ہیں، ان سینئرز کو ہربار محنت نہیں کرانا پڑتی۔

انھوں نے کہا کہ ٹیم ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، کسی کے پاس اتنے موثر ہتھیار نہیں، راشد خان ابتدائی میچز کیلیے دستیاب نہیں ہوں گے، ان کی کمی محسوس ہوگی مگر وہ باقی 7میچز میں کسر پوری کردیں گے۔ انھوں نے کہا کہ پی ایس ایل کی تمام ٹیمیں برابر کی ہیں، سخت مقابلے کی فضا میں بہتر کرکٹ دیکھنے کو ملے گی،ہمیں اتنا معلوم ہے کہ پُرجوش شائقین ملتان سے زیادہ لاہور قلندرز کو سپورٹ کریں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *