ملک کے شمالی علاقہ جات میں برفباری نے موسم شدید سرد کردیا۔ سیاحتی مقامات کے حسین نظارے مزید دلفریب ہوچکے ہیں۔ برف باری کے بعد ہر سو سفیدی چھا گئی ہے۔۔
شمالی علاقہ جات میں برف باری نے رنگ جما دیے۔ موسم جہاں شدید سرد ہوگیا ہے وہیں سیاحتی مقامات کے نظارے دلکش ہوگئے ہیں۔
وادی شگر میں رواں سال کی پہلی اور سیزن کی تیسری برف باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، برف باری سے وادی کی نظارے دلفریب ہوگئے ہیں۔ بالائی علاقوں کا زمینی رابطہ بھی منقطع ہوگیا۔
وادی نیلم کے زیریں علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش اور بالائی علاقوں میں برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔ شانگلہ کے میدانی علاقوں میں ہلکی بارش جبکہ بالاٸی علاقوں میں برف باری ہوئی، برف باری سے ہر سو سفیدی چھا گئی۔
ملکہ کوہسار مری میں بادلوں کے ڈیرے ہیں۔ متوقع برفباری کے پیش نظر سیاحوں نے ویکینڈ گزارنے کے لیئے مری کا رخ کرلیا ہے۔ خیبر میں موسم سرد ہوگیا۔ وادی تیراہ میں بھی ہلکی ہلکی برف باری سے ٹھنڈی ہوائیں چل رہی ہیں۔