ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے فائنل میں انگلینڈ نے پاکستان کو شکست دے کر کرکٹ کی حکمرانی حاصل کرلی

ENG WON T20 WC 2022

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے فائنل میں انگلینڈ نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی حکمرانی حاصل کرلی-

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا فائنل میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا گیا- جہاں انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلر نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

پاکستان نے پہلےکھیلتے ہوئے 20 اوورز میں 8 وکٹ پر137 رنزبنائے جواب میں انگلینڈ نے 138 رنز کا ہدف 19 اوورز میں 5 وکٹ پر پورا کردیا۔

پاکستان کی اننگز:

پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز بنائے۔

اوپنر محمد رضوان 15 ، محمد حارث 8، بابر 32 اور افتخار احمد صفر پر آؤٹ ہوئے۔ اس کے علاوہ شان مسعود 38، محمد نواز کو 5 ،شاداب خان 20 اورمحمد وسیم جونیئر 4 رنز بناکر پویلین لوٹے۔

انگلینڈ کے بولر سیم کرن کی جانب سے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا گیا، انہوں نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ کرس جورڈن اور عادل رشید نے 2،2 اور بین اسٹوکس نے ایک شکار کیا۔

انگلینڈ کی اننگز:

انگلش ٹیم کی اننگز کا آغاز اچھا نہ رہا،ایلکس ہیلز شاہین شاہ آفریدی کے پہلے ہی اوور میں 1 رن بناکر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد حارث رؤف نے فل سالٹ اور جوز بٹلر کو آؤٹ کردیا۔

اس موقع پر بین اسٹوکس وکٹ پر جمے رہے اور انہوں نے 52 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ ان کے علاوہ جوز بٹلر نے 26 اور ہیری بروک نے 20 رنزبنائے، معین علی 19 اور فل سالٹ 10 رنزبناسکے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی ، شاداب خان اور محمد وسیم جونیئرنے ایک ایک وکٹ حاصل کی جب کہ حارث رؤف نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

خیال رہے کہ انگلینڈ نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا ٹائٹل دوسری مرتبہ جیتا ہے، انگلینڈ نے 2010 میں پہلی بار ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا ٹائٹل جیتا تھا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *