پاکستان نے بھارت کا ادھار چکا دیا، دبئی کا بدلہ دبئی میں لے لیا۔ بھارت کو پانچ وکٹ سے شکست دے دی۔ پہلے محمد نواز، محمد رضوان پھر آصف علی اور خوشدل شاہ بھارت کیلیے ڈراؤنا خواب بن گئے۔
ایک سو بیاسی رنز کے ہدف کے تعاقب میں دھیمے آغاز نے پاکستانی شائقین کو پریشان کیا، بابر اور فخر کے آؤٹ ہونے کے بعد اوپر آنے والے محمد نواز نے بھارتی بالرز پر بلے سے وار کر دیا۔ بھارتی سورماؤں کے جبڑوں سے فتح چھین لی۔ تکلیف کا شکار محمد رضوان دوسرے اینڈ پر ٹکے رہے۔ اسکور کو آگے بڑھاتے اور نواز کو کھیلنے کا موقع دیتے رہے۔ محمد نواز نے بیس گیندوں پر بیالیس رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی۔
خوشدل رضوان کا ساتھ دینے آئے لیکن رضوان اکہتر رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ پھر محمد آصف آئے ، خوشدل کے ساتھ مل کر میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ آخری دو اوورز میں جیت کیلیے چھبیس رنز خوشدل اور آصف علی کیلیے معمولی ثابت ہوئے۔ آصف علی نے ایک چھکا اور دو چوکے لگائے، آؤٹ ہونے سے پہلے میچ مکمل پاکستانی بلے بازوں کے حق میں کرگئے۔ آخری اوور کی سیکنڈ لاسٹ گیند پر افتخار احمد نے وننگ شاٹ کھیلا۔