گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی میں نو منتخب اراکین نے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا چناو کرلیا۔ تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے امجد زیدی اسپیکر اور ںذیر احمد ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوگئے۔
قانون ساز اسمبلی میں جی بی کے تینتیس اراکین اسمبلی نے ووٹنگ میں حصہ لیا۔ اسپیکر کے لیے پی ٹی آئی کے امجد زیدی کو اٹھارہ ووٹ ملے۔ مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار غلام محمد آٹھ ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
اسپیکر کے انتخاب کے لیے ڈالے گئے ووٹوں میں سے 6 ووٹ مسترد ہو گئے۔ سابق اسپیکر فدا محمد ناشاد نے نو منتخب اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی سے عہدے کا حلف لیا۔
دوسری جانب تحریک انصاف کے رکن اسمبلی نذیر احمد نے بائیس ووٹ حاصل کرکے ڈپٹی اسپیکر کا عہدہ اپنے نام کیا۔ قانون ساز اسمبلی میں ڈپٹی اسپیکر کے لیے متحدہ اپوزیشن کے امیدوار رحمت خالق نے 9 ووٹ اپنے نام کیے۔
گزشتہ روز گلگت بلتستان اسمبلی کے نو منتخب اراکین نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا تھا۔
اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی حاجی فدا محمد ناشاد نے نو منتخب اراکین سے حلف لیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:گلگت بلتستان الیکشن کے مکمل نتائج
گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی میں تحریک انصاف 16 جنرل اور 4 مخصوص نشستوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے۔ پیپلز پارٹی دو مخصوص نشستوں سمیت 5 نشستیں حاصل کرسکی۔
مسلم لیگ نواز نے خواتین کی ایک مخصوص نشست سمیت 3 نشستیں حاصل کیں۔ انتخابات میں پی ٹی آئی کی اتحادی جماعت مجلس وحدت المسلمین نے ایک جنرل اور تحریک انصاف کے کوٹے سے ایک ٹیکنو کریٹ اور ایک خاتون نشست حاصل کی ہے۔
گلگت بلتستان اسمبلی میں قوم پرست تنظیم بالاورستان نیشنل فرنٹ کی ایک سیٹ ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 27 یا 28 نومبر 2020ء کو گلگت بلتستان اسمبلی میں قائد ایوان (وزیراعلٰی) کا انتخاب ہوگا۔