کراچی میں‌ایک بار پھر بادل برس پڑے

karachi rain2

کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے، شہر بھر میں کالے گھٹائیں چھائی ہوئی ہیں۔ محکمہ موسمیات نے ایک بار پھر فلڈ وارننگ جاری کردی۔

کراچی شہر میں ایک بار پھر کالی گھٹائیں چھاگئیں، گہرے بادلوں نے سورج کی کرنوں کو چھپادیا، تیز ہواؤں کے ساتھ مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا۔گلشن حدید، ملیر، لانڈھی، ایئر پورٹ، گلستان جوہر اور اطراف کے علاقوں میں بارش جاری ہے، تقریباً پورا شہر کالے بادلوں کی لپیٹ میں ہے۔محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان میں طوفانی بارشوں کی پیشگوئی کی ہے جبکہ کراچی سمیت دیگر علاقوں میں سیلاب کی نئی وارننگ بھی جاری کردی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ نیا سسٹم آج سے بدھ تک بارشوں کا سبب بنے گا، دادو، تھرپارکر، عمر کوٹ، خضدار، ژوب اور آواران میں بارشوں کا امکان ہے۔

میٹ آفس نے اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا اور پنجاب کے دیگر علاقوں میں بھی بارش کی پیشگوئی کی ہے، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں بھی بارش متوقع ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کے نئے اسپیل کے تحت شدید بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی اور سیلابی صورتحال متوقع ہے، تمام ادارے ہنگامی صورتحال کیلئے ہائی الرٹ رہیں۔

گزشتہ ہفتے بھی مون سون کی بارشوں کے سبب کراچی شہر کا بیشتر حصہ ندی نالوں کا منظر پیش کررہا تھا، ضلع شمالی، وسطی اور غربی بارشوں سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے تھے۔

ضلعی وسطی کے علاقے گجر نالے میں ڈوب کر 5 افراد جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ دیگر واقعات میں بھی کئی افراد زخمی ہوئے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *