سائبیریا میں ڈیم ٹوٹنے کے باعث سونے کی کان میں کام کرنے والے 15 مزدور ہلاک اور 13 زخمی ہوگئے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق ڈیم ٹوٹنے کا واقعہ روسی خطے سائبیریا کے شہر کراسنویارسک کے قریب پیش آیا جس میں 15 کان کن ہلاک اور 13 زخمی ہوگئے جب کہ ایک درجن سے زائد کان کن لاپتہ ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق گزشتہ چند روز سے ہونے والی تیز بارشوں سے سیلابی کیفیت پیدا ہوگئی اور ڈیم پانی کے دباؤ کی وجہ سے ٹوٹ گیا جس کے باعث قریبی علاقے میں موجود کان کنوں کا رہائشی علاقہ بھی زیر آب آگیا۔
حادثے کے بعد اطراف کے علاقوں کو خالی کرایا جارہا ہے جب کہ ریسکیو اہلکار اور حکومتی مشینری متاثرہ علاقے میں پہنچ چکی ہے۔
روسی صدر ولادی میر پیوٹن کے ترجمان کے مطابق متاثرہ علاقے میں فوری طور پر امدادی کارروائیوں کی ہدایت کی گئی ہے جب کہ صدر پیوٹن کی ہدایت پر ڈیم ٹوٹنے کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔