پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو 700 گول کرنے والے دنیا کے چھٹے فٹبالر بن گئے۔
یوکرین میں جاری یورو کپ کوالیفائرز میں پرتگال کو یوکرین نے ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی لیکن اس کے باوجود یہ میچ کرسٹیانو رونالڈو کے لیے یادگار بن گیا۔
اس میچ میں رونالڈو نے کیریئر کا 700 واں گول اسکور کیا، وہ یہ سنگ میل عبور کرنے والے دنیا کے چھٹے فٹبالر ہیں۔
پروفیشنل فٹبال کیریئر میں سب سے زیادہ گول کرنے والوں میں آسٹریا کے جیف بسکان سرفہرست ہیں جنہوں نے 805 گول کررکھے ہیں۔
برازیل کے اسٹار فٹبالر روماریو 772 گول کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں جب کہ انہی کے ہم وطن معروف فٹبالر پیلے 767 گول کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔
ہنگری کے فرینگ پکاس نے 746 اور جرمنی کے گرڈ مولر نے 735 گول کر رکھے ہیں۔
کرسٹیانو رونالڈو کے حریف کہلائے جانے والے ارجنٹینا کے لیونل میسی 672 گول کے ساتھ دنیا بھر میں ساتویں نمبر پر ہیں۔
کرسٹیانو رونالڈو کا شمار دنیا میں کھیل کے ذریعے سب سے زیادہ دولت کمانے والوں میں دوسرے نمبر پر ہوتا ہے۔ کمائی کی اس دوڑ میں صرف لاینل میسی ہی ان سے آگے ہیں۔
معروف امریکی جریدے فوربس کی رواں سال کی رپورٹ کے مطابق رونالڈو کی سالانہ آمدنی 10 کروڑ 90 لاکھ ڈالرز ہے جو کہ پاکستانی روپے میں 16 ارب روپے سے زائد بنتی ہے۔