عوامی نیشنل پارٹی کے بانی صدر خان عبدالولی خان کی بیوہ بیگم نسیم ولی 85 سال کی عمر میں انتقال کرگئیں۔ انہوں ںے انیس سو پچھہتر میں سیاست میں قدم رکھا تھا۔ پہلی بار انیس سو اٹھاسی کے انتخابات میں خیبرپختون خوا اسمبلی کی رکن بنیں۔
عوامی نیشنل پارٹی کے بانی صدر خان عبدالولی خان کی بیوہ بیگم نسیم ولی خان24جنوری 1936 کو امیرمحمد خان ہوتی کے ہاں مردان میں پیدا ہوئیں۔
بیگم نسیم ولی خان نے 1975ء میں پاکستان کی سیاست میں قدم رکھا۔ جب رہبرتحریک خان عبدالولی خان کو اس وقت کے وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو نے گرفتار کرکے ان کی جماعت نیشنل عوامی پارٹی پر پابندی بھی لگا دی تھی۔ ایسے وقت میں بیگم نسیم ولی خان کی جدوجہد سے حیدرآباد سازش کیس ختم ہوا۔ کامیاب پیروی پر اس کیس میں نامزد تمام ملزمان کو باعزت بری کردیا گیا۔
بیگم نسیم ولی خان نے اسی دوران نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی کی بنیاد رکھی ،اسی تحریک کی وجہ سے نیشنل عوامی پارٹی کے اسیر رہنماؤں کو رہائی ملی اور ملک بھر میں کارکنان کو منظم کیا گیا۔
1994ء میں وہ پہلی بار عوامی نیشنل پارٹی خیبرپختونخوا کی صدر منتخب ہوئیں۔ 1998ء میں ایک بار پھر صوبائی صدر منتخب کی گئی۔
پارلیمانی انتخابات میں پہلی بار 1988ء میں چارسدہ سے خیبرپختونخوا اسمبلی کی رکن منتخب ہوئی۔ 1990ء اور 1993ء میں بھی صوبائی اسمبلی کا الیکشن جیتا۔ 1997ء میں دوبارہ رکن صوبائی اسمبلی بنیں۔ وہ چار مرتبہ عوامی نیشنل پارٹی کی صوبائی پارلیمانی لیڈر بھی رہ چکی ہیں۔
بیگم نسیم ولی خان 1990ء اور 1997ء کے دوران صوبائی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف بھی رہیں۔