وزیراعظم عمران خان نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے آزادی مارچ کے حوالے سے وزیردفاع پرویز خٹک کی سربراہی میں مذاکراتی کمیٹی بنادی۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف کی کورکمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں ملکی سیاسی اور معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے آزادی مارچ کے حوالے سے وزیر دفاع پرویزخٹک کو ذمہ داری دے دی ہے اور ہدایت کی ہے کہ آزادی مارچ کے سیاسی حل کیلئے پرویز خٹک کمیٹی کے ارکان کا انتخاب خود کریں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جمعیت علمائے اسلام کے ساتھ سیاسی حل کیلئے مذاکرات کرنے میں کوئی مضائقہ نہیں۔
کچھ روز پہلے وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) سے مذاکرات کا آپشن کھلا ہے، کمیٹی کے قیام کی فی الحال ضرورت نہیں ، اگر کوئی خود بات کرنا چاہے تو دروازے بند نہیں ہیں۔
ذرائع کے مطابق تحریک انصاف نے جمعیت علمائے اسلام (ف) سے مذاکرات کیلئے 4 رکنی کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے سربراہ پرویز خٹک ہوں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ تحریک انصاف کی مذاکراتی کمیٹی میں چاروں صوبوں کے پارٹی نمائندے ہوں گے، مذاکراتی کمیٹی کے ناموں کو جلد حتمی شکل دی جائے گی جبکہ مذاکراتی کمیٹی دوسری اپوزیشن جماعتوں سے بھی رابطے کرے گی۔
وزیراعظم نے کور کمیٹی کو ایران اور سعودی عرب کے دورے پر بھی اعتماد میں لیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کا معیشت کے حوالے سے کہنا تھا کہ ملکی معیشت مشکل حالات سے باہر نکل چکی ہے، بہت جلد معاشی مسائل حل ہونا شروع ہوجائیں گے۔
جمعیت علمائے اسلام (ف) نے حکومت کے خلاف 27 اکتوبر کو آزادی مارچ کا اعلان کررکھا ہے جس کی تمام اپوزیشن جماعتوں نے حمایت کی ہے۔