مولانا کا حکومت مخالف مارچ، بلاول بھٹو کا کارکنوں کو گرین سگنل

NAB BILAWAL ASIF MONEY LAUNDRING CASE

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی سمجھتی ہے کہ حکومت کو جانا پڑے گا اور حکومت کو گھر بھیجنے کے مطالبے پر مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ہیں لہٰذا کارکن اور عہدیدار جمعیت علمائے اسلام (ف) کا ساتھ دیں۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کے نوکریوں سے متعلق بیان کو وزیراعظم کی اصل پالیسی قرار دے دیا۔
گزشتہ روز فواد چوہدری نے تقریب سے خطاب میں کہا تھا کہ اِس بات پر زور ہے کہ حکومت نوکریاں دے لیکن لوگوں کے ذہنوں میں ڈالنا بہت ضروری ہے کہ نوکریوں کیلئے حکومت کی طرف نہیں دیکھا جاسکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت تو 400 محکمے ختم کررہی ہے، لوگ حکومت کی طرف نوکریوں کیلئے دیکھنا شروع کردیں تو معیشت کا فریم ورک بیٹھ جائے گا۔
اس حوالے سے رتوڈیرو میں ایچ آئی وی سینٹر کے افتتاح کے موقع پر پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری کا بیان ہی وزیراعظم عمران خان کی اصل پالیسی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک سازش کے تحت ہر شعبے میں لوگوں کو بے روزگار کیا گیا، مزید روزگار پیدا کرنے کے بجائے کہتے ہیں کہ مزید ادارے بند کریں گے۔
یاد رہے کہ موجودہ وزیراعظم عمران خان نے انتخابی جلسوں میں ایک کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھر بناکر دینے کا اعلان کیا تھا اور یہ تحریک انصاف کے منشور میں بھی شامل تھا۔
اپنے بیان کی وضاحت میں وفاقی وزیر فواد چوہدری کہتے ہیں کہ ملازمتوں سے متعلق ان کا بیان غلط تناظرمیں پیش کیا گیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *